09 مارچ ، 2021
بالی وڈ اداکار چنکی پانڈے کی بیٹی نوجوان اداکارہ اننیا پانڈے کا شمار ان اداکاروں میں ہوتا ہے جنہیں اقربا پروری کے الزامات کے باعث سب سے زیادہ تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔
ایک انٹرویو میں اننیا نے سوشل میڈیا پر خود پر ہونے والی تنقید پر بات کی اور بتایا کہ انہیں ٹرولنگ کے دوران کس قسم کے رویے اور الفاظوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اننیا پانڈے کا کہنا تھا کہ جب میں فلم انڈسٹری میں نہیں آئی تھی تب بھی مجھے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا تھا، کوئی مجھ پر انتہائی دبلا ہونے کے باعث تنقید کرتا تو کوئی فلیٹ اسکرین کہتا اورکہا جاتا کہ میں لڑکوں جیسی دکھتی ہوں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اس وقت مجھے یہ باتیں بہت بری لگتی تھیں کیونکہ یہ وہ وقت ہوتا ہے جب آپ اپنا اعتماد قائم کررہے ہوتے ہیں اور خود سے پیار کرنا سیکھ رہے ہوتے ہیں اور جب کوئی آپ کو گرانے کی کوشش کرے تو خود اعتمادی بھی متاثر ہوتی ہے، تاہم اب میں خود کو تسلیم کرنے پر توجہ دے رہی ہوں۔