Time 11 مارچ ، 2021
پاکستان

پاکستان میں ایک بار پھر ٹِک ٹاک ایپ پر پابندی لگادی گئی

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے پشاور ہائی کورٹ کے احکام کی تعمیل کرتے ہوئے  ملک میں ایک بار پھر ٹک ٹاک ایپ پر پابندی عائد کردی۔

پی ٹی اے کے مطابق ملک میں انٹر نیٹ سروس پرووائیڈرز کمپنیوں کو  فوری طور پر ٹک ٹاک ایپ تک رسائی روکنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ آج ایک کیس کی سماعت کے دوران پشاور ہائی کورٹ  نے ٹک ٹاک پر پابندی لگانے کا حکم دیا تھا۔

 پشاور ہائی کورٹ میں ٹک ٹاک کے خلاف کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ قیصر رشید خان نے ریمارکس دیے کہ ٹک ٹاک پر جو ویڈیوز اپ لوڈ ہوتی ہیں یہ ہمارے معاشرے کے لیے قابل قبول نہیں ، ٹک ٹاک ویڈیوز سے معاشرے میں فحاشی پھیل رہی ہے اس کو فوری طور پر بند کیا جائے۔

چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کا کہنا تھا جب تک ٹک ٹاک کے عہدیدار آپ کی درخواست پر عمل نہیں کرتے اور غیر اخلاقی مواد روکنے کے لیے آپ کے ساتھ تعاون نہیں کرتے، اس وقت تک ٹک ٹاک بند کر دی جائے۔

دوسری جانب ترجمان ٹک ٹاک نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ٹک ٹاک کی H2 -2020 ٹرانسپیرنسی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں، فعال انداز میں غیر مناسب مواد کو ہٹایاجاتا ہے۔

 ٹک ٹاک کا کہنا ہے کہ شفافیت کا طرزعمل،پاکستانی قوانین کی پاسداری کےحوالے سے ٹک ٹاک کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

ایپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ سروس کی بہتری کے حوالے سے پی ٹی اے کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔

مزید خبریں :