12 مارچ ، 2021
بدین میں 9 ماہ پہلے13 سالہ بچےکی مبینہ خودکشی کے واقعے نے نیا رخ اختیار کرلیا اور پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بچے سے بدفعلی ثابت ہوگئی جب کہ پولیس نے پہلے واقعے کو خودکشی قراردیا تھا۔
بدین کی تحصیل گولارچی کےنواحی گاؤں چک پانچ میں گزشتہ سال 27 جون کو13سالہ بچے روپ چند کی لاش ملی تھی، پولیس نےاس واقعے کو بھی خودکشی کا رنگ دیا تھا تاہم جیو نیوزنےاس مبینہ خودکشی کےمعاملےکو اٹھایا تو پولیس نے 9 اکتوبر2020 کو تین ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا تھا لیکن گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی تھی۔
اب 9 ماہ بعد فائنل پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد بچے سے بدفعلی کی تصدیق ہوگئی ہے۔
ایس ایس پی بدین شبیرسیٹھار کا کہنا ہے کہ ملزمان کےخلاف کھور واہ تھانے میں اجتماعی زیادتی کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کوگرفتارکرلیاگیا ہے۔
دوسری جانب تھرپارکرکی تحصیل اسلام کوٹ میں مبینہ طور پر 17 سالہ لڑکی نےاپنے گلے پر چھری پھیر کرخودکشی کرلی۔
پولیس کےمطابق گاؤں میوو بھیل میں مبینہ طور پر 17 سالہ لتا بھیل کی گلا کٹی لاش ملی ہے، لڑکی کا ذہنی توازن درست نہیں تھا، لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسلام کوٹ اسپتال منتقل کردیا گیا اور پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد مزید تحقیقات کی جائے گی۔