13 مارچ ، 2021
برطانیہ سے آنے والی کورونا کی نئی لہر کے باعث پنجاب میں صورتحال تشویشناک ہو گئی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وبا سے مزید 46 افراد ہلاک اور 2338 نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔
پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 42499 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2338 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 46 ہلاکتیں ہوئیں۔
سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 13476 ہو گئی ہے اور مجموعی کیسز 6 لاکھ 2536 تک جاپہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 19764 ہے، ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 5.5 فیصد ہے۔
اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 1231 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 5 لاکھ 69296 ہو گئی ہے۔
سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 260959 ہوگئی ہے جب کہ 4453 افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں۔
پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 183815 ہے اور 5732 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جاچکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 19188 اور ہلاکتیں 202 ہوچکی ہیں۔
خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 75357 اور 2147 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ آزاد کشمیر میں 10892 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 317 افراد انتقال کر گئے۔
اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 4960 اور 103 افراد انتقال کرچکے ہیں۔
پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 47365 ہے اور اب تک 522 مریض انتقال کر چکے ہیں۔
کورونا کی حالیہ لہر نے ضلع گجرات میں خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے،کوروناکے لیے مختص عزیزبھٹی شہید اسپتال کا وارڈ مریضوں سے بھرگیا جس کے باعث اضافی فیلڈ اسپتال قائم کرنا پڑ گیا ہے، ایک دیہات میں اسمارٹ لاک ڈاون اور دو اسکول سیل بھی کر دیےگئے ہیں۔
این سی او سی کی جانب سےگجرات شہر میں بھی 15 مارچ سے دو ہفتے کے لیے تعلیمی ادارے بندکرنے کا اعلان کیاگیاہے۔
پنجاب میں برطانیہ سےآنے والا نیا وائرس تیزی سے پھیلنے لگا ہے اور صرف لاہور میں کورونا مثبت کیسز کا تناسب 12 اعشاریہ 67 تک پہنچ گیا ہے۔
لاہور، ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور سرگودھا میں 300 مثبت ٹیسٹ آئے جس میں سے 200 مریضوں میں برطانوی وائرس پایا گیا۔
لاہور سمیت 5 اضلاع کو ہائی رسک قرار دے دیا گیا ہے، 5 فیصد سے زائد شرح کے اضلاع میں آج شب سے اگلے 15 روز تک سخت ایس او پیز لگانے کااعلان کیا گیا ہے۔
ان اضلاع میں تعلیمی اداروں، پارکس، ان ڈور شادی ہالز، میلوں اور زیادہ رش والی سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ مارکیٹیں شام 6 بجے تک بند کر دی جائیں گی، صوبے میں 547 مزارات اور کھیلوں کی تمام سرگرمیاں بند کر دی گئی ہیں۔