13 مارچ ، 2021
جہاز میں اکثر بچے اپنے والدین کو بہت تنگ کرتے ہیں اور ان کے رونے سے دیگر مسافروں کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر پاکستان کی سرکاری ائیرلائن (پی آئی اے) کے ہیڈ پرسر (چیف فلائٹ اٹینڈنٹ) کی تصاویر سامنے آئی ہیں جو دوران پرواز روتے ہوئے بچے کو سینے سے لگا کر چپ کرا رہے ہیں۔
پاکستانی گلوکار و اداکار فخر عالم نے ٹوئٹر پر ایک پوسٹ شیئر کی اور بتایا کہ ان کے دوست پی آئی کی اسلام آباد سے کراچی کی پرواز میں سوار تھے اور انہوں نے یہ تصاویر مجھ سے شیئر کیں۔
فخر عالم نے بتایا کہ اس پرواز میں ایک بچہ بہت رو رہا تھا جس کی والدہ بہت پریشان ہو گئی تھی اور ان سے بچہ نہیں سنبھل رہا تھا۔
بعدازاں پرواز کے ہیڈ پرسر (چیف فلائٹ اٹینڈنٹ) توحید نے بچے کو سلانے میں خاتون کی مدد کی ۔
سوشل میڈیا پر چیف فلائٹ اٹینڈنٹ توحید کے اس رحم دلانہ قدم کی خوب تعریف کی جارہی ہے اور ان کے اس مثبت عمل کو سراہا جا رہا ہے۔