دنیا
Time 13 مارچ ، 2021

اردن: اسپتال میں آکسیجن بند ہونے پر 6 کورونا مریضوں سمیت 8 افراد جاں بحق

آکسیجن معطلی پرکورونا مریضوں کے انتقال پر وزیر صحت مستعفی ہوگئے— فوٹو: اردنی میڈیا

اردن کے شہر سلط کے سرکاری اسپتال میں آکسیجن معطل ہونے سے کورونا کے 6 مریضوں سمیت 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔

رپورٹس کے مطابق اردن کے صوبے بلقاء کے دارالحکومت سلط کے سرکاری اسپتال کے مختلف وارڈز میں آکسیجن کی فراہمی معطل ہوگئی جس کے باعث زیر علاج 8 مریض جاں بحق ہوگئے۔

رپورٹس کے مطابق آکسیجن کی معطلی کے باعث کورونا وارڈ میں کم از کم 6 مریض انتقال کرگئے ہیں۔

خبرایجنسی نے بتایا کہ اسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ، میٹرنٹی یونٹس اور کورونا وائرس وارڈ میں آکسیجن فراہمی معطل ہوئی تاہم آکسیجن فراہمی کی معطلی کا سبب واضح نہیں۔

رپورٹس کے مطابق آکسیجن کی فراہمی میں تعطل صبح 6 سے 8 بجے کے درمیان ہوا۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ آکسیجن معطلی کے باعث مریضوں کے انتقال پر وزیر صحت ڈاکٹر ناتھر مستعفی ہوگئے جبکہ متعلقہ اسپتال کے سربراہ نے بھی استعفیٰ دے دیا۔

دوسری جانب اردن کے شاہ عبداللہ نے بھی واقعے پر ناگواری کا اظہار کیا اور خود ہی فوجی یونیفارم میں اسپتال پہنچے جہاں انہوں نے انتقال کرجانے والے افراد کے اہل خانہ سے تعزیت بھی کی۔

اُدھر اردنی وزیر اعظم کے حکم پر پراسیکیوٹر جنرل نے بھی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

مزید خبریں :