14 مارچ ، 2021
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نےکہا ہےکہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چيف ایگزيکٹو وسیم خان بہترین کام کر رہے ہيں لیکن ان کے ہاتھ بندھے ہيں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب اختر کا کہنا تھا کہ امید ہے پاکستان اور بھارت کی سیاسی کشیدگی کم ہوجائےگی تاکہ کرکٹ بحال ہو۔
شعیب اختر کا کہنا تھا کہ وسیم خان کرکٹ کے لیے بہترین کام کر رہے ہیں لیکن ان کے ہاتھ بندھے ہیں، جب تک اوسط شخص کرکٹ بورڈمیں آئےگا ایسے فیصلے ہوتے رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ساؤتھ افریقہ اور زمبابوے کے دورے پر آل راؤنڈر عماد وسیم کی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں جگہ بنتی تھی،عماد وسیم کا ٹی ٹوئنٹی ٹیم سے ڈراپ ہونا نہیں بنتا۔
سابق فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ شاہنواز دھانی کو فرسٹ کلاس میں تجربہ حاصل کرنا چاہیے، پاکستان کاٹیلنٹ پول کم نہیں ہوا لیکن ٹیلنٹ کوکھلانے والے لوگ ختم ہوگئے، بچوں سے پیسے لے کر کلب کرکٹ نہیں چلانی چاہیے، ڈومیسٹک اسٹرکچر بہتر ہونا چاہیے جہاں کھلاڑی کو اچھے پیسےملیں۔