15 مارچ ، 2021
پاکستانی اداکار عدنان شاہ ٹیپو نے انکشاف کیا ہےکہ وہ فوج میں سلیکشن کے باوجود بھاگ گئے۔
حال ہی میں اداکار عدنان شاہ ٹیپو ایک ویب شو میں جلوہ گر ہوئے اور میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ ’ ماضی میں مجھے ہر پاکستانی کی طرح کرکٹر بننےکا شوق تھا لیکن میں نہیں بن سکا، پھر میں نے سوچا کہ سی ای ایس کرلوں چنانچہ اس کے لیےآرمی میں گیا‘۔
انہوں نے بتایا کہ آرمی میں( آئی ایس ایس بی میں پی ایم اے - ایل سی) سلیکشن تقریباً ہوگیا تھا لیکن وہ وہاں سے بھاگ آئےاور ’بھگوڑوں‘میں شامل ہوگئے۔
اداکار نے آرمی میں سلیکشن کے دوران پیش آنے والی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ مجھے ایک فائدہ یہ ہوا کہ میرا بڑابھائی آرمی میں میجر تھا تو عام لڑکوں کی نسبت میں پرسکون تھا، مجھے لگتا تھا کہ میں آرمی میں زندگی اپنے مطابق نہیں گزارسکتا، میرے اندر سوالات تھے اور تجسس تھا، میرے لیے’ یس سر ‘کہنا بڑا مشکل ہوجاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیونکہ مجھے لگتا ہے کہ یس سر بہت بڑی صلاحیت اور قابلیت کا کام ہے اور میرے خیال میں وہ صلاحیت مجھ میں نہیں ہے۔
اداکاری کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے عدنان ٹیپو کا کہنا تھا کہ مجھے لوگ کہتے ہیں کہ آپ ایک کامیاب اداکار ہیں لیکن مجھے لگتا ہے کہ میں ایک ایماندار اداکار ہوں، میں ہر کردار کے لیے بہت محنت کرتا ہوں۔