عامر خان نے سوشل میڈیا کو خیر باد کہہ دیا

اب میں نے یہ دکھاوا چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے،عامر خان،فوٹو: فائل

بالی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ اداکار عامر خان نے سوشل میڈیا کو خیر باد کہنے کا اعلان کردیا۔

ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ میں عامر خان نے گذشتہ روز اپنی 56 ویں سالگرہ کے موقع پر مداحوں کی جانب سے بھیجی گئی مبارکباد اور نیک تمناؤں پر شکریہ ادا کیا۔

عامر خان کا کہنا تھا کہ ایک اور خبر ہے اور وہ یہ ہے کہ یہ میری سوشل میڈیا پر آخری پوسٹ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حالانکہ میں بہت سرگرم تھا لیکن اب میں نے یہ دکھاوا چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اداکار کا کہنا تھا کہ ہم جیسے پہلے رابطہ رکھتے تھے اسی طرح سلسلہ جاری رکھیں گے، انہوں نے بتایا کہ عامر خان پروڈکشن نے آفیشل اکاؤنٹ بنالیا ہے جہاں پر مجھ سے متعلق اور میری فلموں کے حوالے سے اطلاعات ملتی رہیں گی۔

خیال رہے کہ عامر خان کے ٹوئٹر پر 26 ملین سے زائد فالوورز ہیں جب کہ انسٹاگرام پر بھی ان کے 36 لاکھ فالوورز ہیں۔

مزید خبریں :