16 مارچ ، 2021
عام طور پر دُلہنیں حق مہر میں زیورات یا دیگر قیمتی تحائف کا تقاضہ کرتی ہیں لیکن ایک دُلہن نے حق مہر میں اپنے شوہر سے ایک لاکھ روپے کی کتابیں مانگ کو سب کو حیران کردیا۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر خیبر پختونخوا کے شہر مردان کی نائلہ شمال نامی دُلہن کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ بتا رہی ہیں کہ انہوں نے حق مہر میں ایک لاکھ کی کتابیں مانگی ہیں۔
سوشل میڈیا پر مونا فاروق احمد نامی صارف نے نائلہ نامی دُلہن کی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ کہتی ہیں کہ ’میں نے اپنے حق مہر میں ایک لاکھ کی کتابیں مانگی ہیں‘۔
ویڈیو میں نائلہ شمال نے کہا کہ’حق مہر میں ایک لاکھ کی کتابیں مانگنے کی وجہ یہ ہے کہ ہمارے ملک میں مہنگائی بہت زیادہ ہے، مہنگائی کی وجہ سے ہم یہ چیزیں افورڈ نہیں کر سکتے اور دوسری وجہ یہ ہے کہ ان غلط رسومات کا خاتمہ بھی ضروری ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ہمارے معاشرے میں ان غلط رسومات کی وجہ سے ہماری زندگی روز بروز ایک عذاب بنتی جا رہی ہے، سونا اور پیسہ ہر عورت مانگتی ہے لیکن ایک مصنفہ ہونے کی حیثیت سے میں نے کتابیں اس لیے مانگیں کہ اگر ہم کتابوں کی قدر نہیں کرتے تو ہم عام لوگوں سے اس کی قدر کی توقع کیسے کر سکتے ہیں‘۔
نائلہ شمال کا مزید کہنا تھا کہ ‘میرے اس حق مہر مانگنے کی اصل وجہ یہ ہے کہ ہمیں خود کتابوں کی قدر کرنی چاہیے تاکہ ہم دوسروں کو بھی ہماری نصیحت پر عمل کرنے کا کہہ سکیں‘۔