16 مارچ ، 2021
صوبہ پنجاب کے شہر جہلم میں دن دہاڑے مبینہ طور پر اغواء کی گئی لڑکی کچھ دیر بعد سامنے آگئی۔
جہلم کے علاقے مشین محلہ نمبر دو کے ان مناظر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص ڈبل کیبن گاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ کے دروازے پر چھینا جھپٹی کررہا ہے اور اچانک گاڑی آگے بڑھ جاتی ہے اور وہ شخص گاڑی کے نیچے آتے آتے بچ جاتا ہے۔
واقعے کے بعد لڑکی کے والد نے سٹی تھانے میں درخواست دی کہ اس کی بیٹی کو اغواء کرلیا گیا ہے جبکہ پولیس نے گاڑی کی تلاش کیلئے ناکہ بندی کردی لیکن تھوڑی دیر بعد معلوم ہوا کہ لڑکی تو اپنے گھر پہنچ چکی ہے۔
پولیس کے مطابق لڑکی کی والدہ نے درخواست دی کہ وہ ڈبل کیبن گاڑی میں بیٹی کے ساتھ تھی اور بیٹی کی طبعیت خراب ہونے پر محلے دار بلال مظفر سے لفٹ لی تھی جبکہ شوہر کو شک ہوا کہ بیٹی کو اغواء کیا جارہا ہے اور گھبراہٹ میں بلال مظفر نے گاڑی آگے بڑھادی۔
پولیس نے لڑکی کی والدہ کی درخواست کے بعد بے بسی کا اظہار کیا اور کہا کہ جب والدین نے درخواست ہی واپس لے لی ہے تو کسی کے خلاف کارروائی کا کوئی جواز ہی نہیں بنتا۔