19 مارچ ، 2021
امریکی ریاست ٹیکساس میں ماسک پہننے کا کہنے پر ایک گاہک نے ریسٹورینٹ مینیجر پر چاقو سے حملہ کر دیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق ٹیکساس کی لیگ سٹی پولیس کو 53 سالہ جیمز شلز نامی شہری کی تلاش ہے جس نے ماسک پہننے کا کہنے پر ریسٹورینٹ مینیجر پر چاقو کے پے درپے متعدد وار کر کے اسے زخمی کر دیا تھا۔
پولیس کے مطابق ریسٹورینٹ مینیجر نے جیمز سے درخواست کی تھی کہ اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کو ریسٹورینٹ کے اندر خدمات فراہم کی جائیں تو آپ ماسک پہن لیں ورنہ آپ ڈرائیو تھرو کے ذریعے اپنا آرڈر بک کروا لیں۔
گاہک نے غصے میں آکر ریسٹورینٹ مینیجر کی درخواست در کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ’آپ لوگ مجھے اس لیے خدمات فراہم نہیں کر رہے کیونکہ میں بے گھر ہوں‘۔
پولیس کے مطابق گاہک پہلے دروازے کی طرف گیا اور پھر مینیجر کی جانب دوڑا اور اپنی جیپ سے چاقو نکال پر اس پر متعدد وار کر دیے اور سائیکل پر بیٹھ کر فرار ہو گیا۔
پولیس نے ریسٹورینٹ مینیجر پر چاقو سے حملہ کرنے والے جیمز شلز کی تلاش شروع کر دی ہے اور سی سی ٹی وی کی مدد سے اس کی تصویر بھی سامنے آ گئی ہے۔