Time 20 مارچ ، 2021
کھیل

پاکستان کی عالمی درجہ بندی ملک میں فٹبال کے ٹیلنٹ کی عکاس نہیں، ہارون ملک

اپریل میں الیکشن کی جانب بڑھنے کے عمل کا شیڈول جاری کردیا جائے گا،پی ایف ایف،فوٹو: فائل

پاکستان فٹبال فیڈریشن(پی ایف ایف) کی نارملائزیشن کمیٹی کے سربراہ ہارون ملک کا کہنا ہے کہ فٹبال چلے گی تو پی ایف ایف رہے گی، الیکشن کا شیڈول اپریل میں جاری کریں گے لیکن اہم بات مقابلوں کا بحال ہونا ہے۔

کراچی میں جیو نیوز سے گفتگو میں ہارون ملک نے کہا کہ کوشش ہے کہ فیفا کی جانب سے الیکشن کا ہدف وقت سے پہلے مکمل کرلیا جائے، لیکن کلب رجسٹریشن اور اسکروٹنی کا عمل تھوڑا لمبا ہوسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپریل میں الیکشن کی جانب بڑھنے کے عمل کا شیڈول جاری کردیا جائے گا۔ 

انہوں نے کہا کہ پی ایف ایف میں فیفا کی مقررکردہ نارملائزیشن کمیٹی کا پہلا ہدف فٹبال کو جاری رکھنا بھی ہے اور اس پر کام جاری ہے کیوں کہ اگر فٹبال چلے گی تو پی ایف ایف رہے گی۔

ہارون ملک نے کہا کہ پاکستان کی عالمی درجہ بندی پاکستان فٹبال کے ٹیلنٹ کی عکاس نہیں ، کوئی وجہ نہیں کہ پاکستان فٹبال ٹیم دیگر ایشین ٹیموں کی طرح بہتر رینکنگ حاصل نہ کرسکے، کوشش ہے کہ پاکستان فٹبال ٹیم کو زیادہ سے زیادہ میچز دیے جائیں اور اس سلسلے میں پی ایف ایف نے ایشین ملکوں سے رابطہ کیا ہے۔

پی ایف ایف کی نارملائزیشن کمیٹی کے سربراہ نے تصدیق کی کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن نے بھارت کو بھی لکھا ہے کیوں کہ بھارت ایک بہتر رینکڈ ٹیم ہے اور پاکستان ٹیم کو اس سے کھیل کر فائدہ ہوگا،پاکستان فٹبال لیگ کو پروفیشنل سطح پر ہونا چاہیے لیکن اس کے لیے بہت کچھ بہتر کرنا ہوگا۔

مزید خبریں :