Time 20 مارچ ، 2021
کھیل

قومی ویمن فٹبال چیمپئن شپ، گروپ بی کی ٹیموں کے میچز بحال کرنے کا اعلان

پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے  قومی ویمن فٹبال چیمپئن شپ میں شامل گروپ بی کی ٹیموں کے کورونا ٹیسٹ کلیئر ہونے کے بعد میچز بحال کرنے کا اعلان کردیا۔

قومی ویمن فٹبال چیمپئن شپ کے سلسلے میں ہفتے کو مزید دو میچز کھیلے گئے، کے پی ٹی گراؤنڈ پر ہونے والے میچ میں واپڈا نے ہزارا کوئٹہ فٹبال اکیڈمی کو 0-6 سے ہرادیا۔

فاتح ٹیم کی جانب سے شانزے نزیر نے دو گول کیے جبکہ مہناز شاہ، صنوبر، فاطمہ انصاری اور کائنات گل نے ایک ایک گول کیا۔

کے ایم سی گراؤنڈ پر ہونے والے میچ میں ماشا یونائیٹڈ نے ایچ ای سی کو 0-4 سے زیر کیا۔

فاتح ٹیم کی نیپالی اسٹرائیکر انیتا کے سی نے دو گول کیے۔ سمروز ثمرینہ اور سارہ لمبو نے ایک، ایک گول کیا۔

دوسری جانب  پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے گروپ بی کے میچز بحال کرنے کا اعلان کردیا۔

پی ایف ایف کے اعلان کے بعد اتوار کو پانچ میچز کھیلے جائیں گے، ہفتے کو کراچی یونائٹیڈ اور سیالکوٹ سٹی کے درمیان شیڈولڈ میچ اب اتوار کو کھیلا جائے گا جبکہ 16 مارچ کو ملتوی ہونے والے میچز اب 25 مارچ کو کھیلے جائیں گے۔

مزید خبریں :