22 مارچ ، 2021
اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی نے چیئرمین سینیٹ کا الیکشن اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔
سینیٹ کے الیکشن میں چیئرمین سینیٹ کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کی جانب سے فاروق ایچ نائیک نے درخواست دائرکی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہےکہ یوسف رضا گیلانی کے7 ووٹ غیرقانونی طریقے سے مسترد کیے گئے لہٰذا ووٹوں کو مسترد کیا جانا کالعدم قراردیا جائے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہےکہ یوسف رضا گیلانی کے مسترد شدہ ووٹوں کو منظور کرکے انہیں چیئرمین سینیٹ قراردیا جائے۔
واضح رہے کہ چیئرمین سینیٹ کے انتخابات میں پی ڈی ایم کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کے 7 ووٹ مسترد ہوئے تھے جس کے بعد پریزائیڈنگ افسر سید مظفر علی شاہ نے حکومتی امیدوار صادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں کامیاب قرار دیا جب کہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں بھی اپوزیشن کے امیدوار مولانا غفور حیدری کو شکت ہوئی اور مرزا آفریدی ڈپٹی چیئرمین بنے۔