22 مارچ ، 2021
پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے دعویٰ کیا ہے کہ جہازوں کی مرمت کے ایشیا کے سب سے بڑے ادارے اصفہانی ہینگر کی نیلامی کی تیاری ہورہی ہے۔
اپنے بیان میں شیری رحمان کا کہنا تھاکہ جہازوں کی مرمت کرنے کا شعبہ اصفہانی ہینگر 70 کی دہائی میں قائم ہوا، اس ادارے میں جہازوں کی مکمل مرمت کی جاتی ہے، یہ ادارہ ناصرف پاکستان بلکہ دیگر ممالک کو مرمت کی سہولت دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ادارہ حکومت کو کروڑوں روپے کا منافع دے رہا ہے تاہم اصفہانی ہینگرکی نجکاری سے ملکی جہازوں کی مرمت کروڑوں روپے میں کرانی پڑے گی۔
شری رحمان کا کہنا تھاکہ تباہی سرکار پی آئی اے کے اثاثے اپنے دوست احباب کو بیچ رہی، روز ویلیٹ کی طرح اصفہانی ہینگر کی بھی بندربانٹ کی جارہی ہے، تباہی سرکار اسلام آباد سے کراچی تک ملکی ادارے بیچنے کے اشتہار دے رہی ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ اپنے من پسند لوگوں کو فائدہ دینے کیلئے ملکی ادروں کی لوٹ سیل لگائی جارہی ہے، تباہی سرکار اپنے اخراجات پورے کرنے کیلئے ادارے بیچ رہی ہے، یہ لوگوں کو نوکریاں دینے آئے تھے، ادارے بیچ کر بیروزگاری بڑھا رہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ پی آئی اے کے اصفہانی ہینگر کی نیلامی نہیں ہونے دیں گے۔