24 مارچ ، 2021
وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کی ویکسین ایسٹرازینیکا کیلئے ضابطہ کار (ایس او پیز) کی منظوری دے دی۔
ذرائع کے مطابق ایسٹرازینیکا ویکسین ایس او پیز کی منظوری نیشنل ایکسپرٹ کمیٹی نے دی۔ گائیڈ لائنز کے مطابق ایسٹرازینیکا ویکسین 18 سال سے زائد عمر افراد کو لگائی جا سکے گی۔
گائیڈ لائنز میں کہا گیا ہے کہ ایسٹرازینیکا ویکسین حاملہ اور دودھ پلانے والی ماؤں کیلئے محفوظ ہے تاہم ویکسین بخار میں مبتلا فرد کو نہیں لگائی جاسکے گی۔
گائیڈ لائنز کے مطابق ویکسین لگوانے والے افراد کو سر درد، جسم میں درد اور ہلکا بخار ہوسکتا ہے۔
گائیڈ لائنز میں بتایا گیا ہے کہ ایسٹرازینیکا ویکسین کورونا پازیٹو مریضوں کو نہیں لگائی جاسکے گی تاہم ویکسین کورونا سے صحتیاب افراد کو لگائی جا سکے گی جبکہ ویکسین کو 2 تا 8 درجہ حرارت پر محفوظ رکھنا ہوگا۔
گائیڈ لائنز کے مطابق ایسٹرازینیکا ویکسین ہیلتھ ورکرزاورشہریوں کو لگائی جائے گی جس کی 2 خوراکوں میں 12 ہفتے کا وقفہ ہوگا جبکہ یہ ویکسین پاکستان کو کوویکس کی جانب سے مفت ملے گی۔
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) پہلے ہی ایسٹرازینیکا ویکسین کو ہنگامی استعمال کی اجازت دے چکا ہے ۔