25 مارچ ، 2021
صدر مملکت عارف علوی نے ٹیکس قوانین ترمیمی آرڈیننس 2021 جاری کردیا۔
ٹیکس قوانین ترمیمی آرڈیننس 2021 فوری طور پر نافذ العمل ہوگا، ٹیکس قوانین میں 75 سے زائد ترامیم کی گئی ہیں اور 62 اداروں کو ٹیکس کریڈٹ کی سہولت دی گئی ہے۔
ٹیکس قوانین ترمیمی آرڈیننس 2021 کے تحت کاروباری مقامات پر این ٹی این یا بزنس کارڈ آویزاں کرنا لازمی قرار دے دیا گیا ہے،این ٹی این آویزاں نہ کرنے پر جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
آرڈیننس کے تحت فریش گریجویٹس کو حاصل ٹیکس چھوٹ بھی واپس لےلی گئی ہے۔
اس کے علاوہ پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) سمیت کھیلوں کی تمام تنظیموں کی ٹیکس چھوٹ ٹیکس کریڈٹ میں تبدیل کردی گئی ہے جب کہ فلم انڈسٹری کے لیے ٹیکس چھوٹ بھی واپس لے لی گئی۔
فلاحی اداروں شوکت خانم میموریل ٹرسٹ، شریف ٹرسٹ اور عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ کی ٹیکس چھوٹ برقرار رکھی گئی ہے۔