یوسف رضا گیلانی سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر مقرر

اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر بن گئے۔

جیونیوز کےمطابق سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے لیے مسلم لیگ (ن) کے اعظم نذیر تارڑ کی جانب سے 21 سینیٹرز کے دستخط کے ساتھ درخواست جمع کرائی گئی جب کہ یوسف رضا گیلانی کی درخواست پر 30 سینیٹرز کے دستخط تھے۔

گیلانی کے نوٹیفکیشن کا عکس

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے درخواستوں پر ایک ایک سینیٹر سے ان کے دستخط کی تصدیق کی جس کے بعد سینیٹ سیکرٹریٹ نے یوسف رضاگیلانی کی بطور اپوزیشن لیڈر تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ جے یو آئی نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری کےعمل میں حصہ نہیں لیا اور اس کے سینیٹر نے کسی کو بھی ووٹ نہیں دیے جس کی وجہ سے ن لیگ کے امیدوار کے پانچ ووٹ کم ہوئے۔

اس سے قبل یوسف رضا گیلانی نے 30 ارکان کی حمایت کے دستخط کے ساتھ درخواست جمع کرائی تھی۔

ذرائع کے مطابق 2  آزاد ممبران سینیٹ سینیٹر ہدایت اللہ اور سینیٹر ہلال الرحمان نے یوسف رضا گیلانی کی حمایت میں دستخط کیے تھے۔

واضح رہےکہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے لیے پی ڈی ایم جماعتوں میں اختلافات پائے گئے اور مسلم لیگ (ن) اپنا اپوزیشن لیڈر لانے کے لیے سرگرم تھی۔

مزید خبریں :