پاکستان: 9 ماہ بعد ایک دن میں سب سے زیادہ کورونا کیسز رپورٹ، مزید 67 اموات

ملک میں کورونا سے مزید 67 افراد انتقال کرگئے اور 4460سے زائد کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں جو 9 ماہ بعد ایک روز میں رپورٹ ہونے والے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔

پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 44279 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 4468 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 67 ہلاکتیں ہوئیں۔

پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران رپورٹ ہونے والے کیسز گزشتہ سال کورونا کی پہلی لہر میں 22 جون کے بعد سامنے آنے والے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔

اسکرین شاٹ سرکاری پورٹل

گزشتہ سال 22جون کو کورونا کی پہلی لہر کے دوران ایک دن میں کورونا کے 4471کیسز رپورٹ ہوئے تھے جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 4468 کیسز سامنے آئے جو 9 ماہ کے بعد ایک روز میں سامنے آنے والے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ملک گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 10 فیصد رہی۔


سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 14158 ہوگئی اور مجموعی کیسز 6 لاکھ 49824 تک جاپہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 42384 ہے۔

اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 2137 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 593282 ہوگئی ہے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 264355 ہوگئی ہے جب کہ 4487 افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں۔

پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 210095 ہے اور 6190 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جاچکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 19453 اور ہلاکتیں 205 ہوچکی ہیں۔

خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 83630 اور 2274 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ آزاد کشمیر میں 12245 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 342 افراد انتقال کرگئے۔

اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 4990 اور 103 افراد انتقال کرچکے ہیں۔

پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 55056 ہے اور اب تک 557 مریض انتقال کرچکے ہیں۔

مزید خبریں :