ماحولیاتی سمٹ میں بھارت، بنگلادیش مدعو مگر پاکستان نہیں: احسن اقبال کی عمران خان پر تنقید

’امریکا نے ہمارے سونامی ٹری فراڈ والے عمران نیازی کو مدعو نہیں کیا‘، لیگی رہنما کا طنز— فوٹو:فائل 

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے امریکا کی جانب سے پاکستان کو عالمی ماحولیاتی سمٹ میں مدعو نہ کرنے پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے امریکا کے صدر جوبائیڈن نے سمٹ کا اعلان کیا ہے جس میں دنیا بھر سے 40 سربراہان مملکت کو مدعو کیا گیا ہے۔

یہ ورچوئل سمٹ 22 اور 23 اپریل کو ہوگی جس کی میزبانی امریکا کرے گا جبکہ اس سمٹ کا امریکی صدارتی محل وائٹ ہاؤس کی جانب سے اعلامیہ بھی جاری کیا گیا ہے۔

امریکا کی جانب سے جن ممالک کے سربراہان مملکت کو دعوت دی گئی ہے، اُس میں چین، روس، کینیڈا، برطانیہ، بھارت، بنگلادیش، ویتنام، انڈونیشیا، کینیا، نائیجیریا اور بھوٹان سمیت دیگر شامل ہیں۔

امریکی صدر کی جانب سے جن ممالک کو دعوت دی گئی اُن میں پاکستان شامل نہیں۔ اس حوالے سے مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے شدید ردعمل کا اظہار کیا اور حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

احسن اقبال کا ٹوئٹ میں کہنا تھاکہ ’امریکی صدر ماحولیاتی تبدیلی پر سربراہی اجلاس کیلئے 40 سربراہان کو مدعو کیا لیکن ہمارے سونامی ٹری فراڈ والے عمران نیازی کو مدعو نہیں کیا‘۔

ان کا کہنا تھاکہ بھارت، بنگلادیش اور بھوٹان مدعو ہیں لیکن پاکستان نہیں جبکہ پاکستان دنیا کے پہلے 10 ماحولیاتی تبدیلی سے متاثر ممالک میں شامل ہے۔

مزید خبریں :