پی ایف ایف کے دفاتر پر قبضہ، ویمن فٹبال چیمپیئن شپ بھی کشمکش کا شکار

پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے دفاتر پر اشفاق حسین گروپ کے قبضہ کے بعد پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی نے قومی ویمن فٹبال چیمپئن شپ منسوخ کردی گئی تاہم اشفاق گروپ کی جانب ٹورنامنٹ کو جاری رکھنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔

قومی ویمن فٹبال چیمپیئن شپ کراچی میں کھیلی جارہی ہے جس کا کوارٹر فائنل مرحلہ اتوار کو ہونا تھا تاہم ہفتے کی دوپہر پی ایف ایف دفاتر میں اشفاق گروپ کے قبضے اور نارملائزیشن کمیٹی کی بے دخلی کے بعد فیفا کی مقرر کردہ کمیٹی نے اس ٹورنامنٹ کو منسوخ کرنے کا اعلان کردیا تھا  کیونکہ وہ دفتر سے بے دخلی کے بعد اکاؤنٹس اور ریکارڈ سے محروم ہوگئی تھی۔

اس اعلان پر چیمپئن شپ میں شریک فٹبالرز نے شدید مایوسی کا اظہار کیا تھا تاہم اتوار کی دوپہر اشفاق گروپ نے ٹورنامنٹ کو جاری رکھنے کا اعلان کیا۔

پی ایف ایف کے لیٹر ہیڈ پر جاری اعلان میں کہا گیا ہے کہ چیمپیئن شپ کو شیڈول کے مطابق مکمل کیا جائے گا، اس سلسلے میں 13 رکنی کمیٹی بنادی گئی ہے جس کے چیئرمین خادم علی شاہ ہوں گے، راحیلہ زرمین ٹورنامنٹ ڈائریکٹر مقرر کی گئی ہیں۔

راحیلہ نارملآزیشن کمیٹی کے ساتھ بھی بطور ڈائریکٹر ویمن ڈولپمنٹ کام کرتی رہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی ترجیح صرف ویمن فٹبال کو جاری رکھنا ہے ۔

واضح رہے کہ فیفا اور اے ایف سی اشفاق شاہ کو پی ایف ایف کا صدر تسلیم نہیں کرتیں اور ان کی نگرانی میں ہونے والے میچز کی فیفا میں کوئی حیثیت نہیں ہوگی ۔

مزید خبریں :