31 مارچ ، 2021
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے خلاف قومی احتساب بیورو (نیب) کے ریفرنسز کی سماعت کرنے والے جج امجد نذیر چوہدری کا تبادلہ کردیا گیا۔
شہباز شریف کے خلاف آشیانہ اقبال ریفرنس اور رمضان شوگر ملز ریفرنسز کی سماعت لاہور کی احتساب عدالت نمبر 5 کے جج امجد نذیر چوہدری کی عدالت میں زیرسماعت ہیں۔
ان ریفرنسز پر سماعت کرنے والے جج امجد نذیرچوہدری کا تبادلہ کردیا گیا۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی منظوری کے بعد تبادلے کانوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق احتساب عدالت نمبر 5 کے جج امجد نذیر چوہدری کو سیشن جج بہاولپور تعینات کر دیا گیا ہے۔
جج امجد نذیرچوہدری کی جگہ دوسرے جج کو احتساب عدالت نمبر 5 کیلئے تعینات نہیں کیا گیا جبکہ احتساب عدالت نمبر 5 میں آشیانہ اقبال ریفرنس کی سماعت کل ہوگی۔