Time 31 مارچ ، 2021
پاکستان

سینیٹ میں اپوزیشن لیڈرکا معاملہ، ن لیگ، جے یو آئی اور پی پی میں اختلاف بڑھ گئے

سینیٹ میں اپوزیشن لیڈرکا تنازع شدت اختیارکرگیا اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ میں شامل جماعتیں آپس میں الجھ پڑیں۔

اپوزیشن اتحاد میں شامل مسلم لیگ (ن) اور جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) نے سینیٹ میں یوسف رضا گیلانی کو قائد حزب اختلاف نہ ماننے پر اتفاق کیا ہے۔

اس کے جواب میں پاکستان پیپلزپارٹی نے قومی اسمبلی میں ن لیگ کے صدر کو اپوزیشن لیڈر تسلیم نہ کرنے کی دھکمی دے ڈالی ہے۔

پی پی رہنما نوید قمر کا کہنا ہے کہ اگر ن لیگ اور جے یو آئی نے گیلانی کو سینیٹ میں اپوزيشن لیڈر تسلیم نہیں کیا تو پیپلز پارٹی قومی اسمبلی میں شہباز شریف کو اپوزيشن لیڈر تسلیم نہیں کرے گی۔

ان کا کہنا تھاکہ اگر ن لیگ اور جے یو آئی نے تمام فیصلے خود کرنے ہیں تو اپوزیشن اتحاد کا کوئی فائدہ نہیں، ن لیگ اور جے یو آئی لانگ مارچ سے استعفوں کو نتھی کرکے پہلے ہی پی ڈی ایم کو دھچکا پہنچا چکے ہیں۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ہیں۔

واضح رہے کہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ میں اختلاف پیدا ہوگیا تھا اور بلوچستان عوامی پارٹی کے ارکان کی حمایت کی مدد سے یوسف رضا گیلانی کو اپوزیشن لیڈر بنے ہیں۔

مزید خبریں :