02 اپریل ، 2021
کراچی کے علاقے درخشاں میں 190 تولہ سونے کی ڈکیتی کا ڈراپ سین ہو گیا۔
پولیس کے مطابق والدین کا 190 تولہ سونا ہڑپ کرنے کے لیے بیٹے نے ڈکیتی کا جھوٹا ڈرامہ کیا، ڈیفنس کے رہائشی اصغر نے 20 مارچ کو گھر کے باہر ڈکیتی کا مقدمہ درج کروایا۔
مدعی اصغر نے کہا کہ گھر میں شادی کی تیاری تھی جس کے لیے بینک لاکر سے فیملی کے زیورات نکلوائے، گھر کے باہر پہنچے تو موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان نے زیورات اور نقدی لوٹ لی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کچھ عرصہ قبل والدین نے بیٹے کو زیورات بینک لاکر میں رکھنے کے لیے دیے تھے، بیٹے نے بیوی سے مل کر بہن بھائیوں کا مشترکہ سونا مختلف اوقات میں بیچ دیا۔
پولیس کا بتانا ہے کہ گھر میں شادی کے موقع پر اہلخانہ نے بینک سے سونا لانے کا تقاضہ شروع کر دیا۔
ملزم اصغر نے پولیس کو بتایا کہ بیشتر زیورات بیچ چکا تھا، واپس کہاں سے لاتا، ڈکیٹی کی جعلی واردات کا منصوبہ بنایا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے اپنی بیوی کے کزن سے جعلی ڈکیتی میں ڈاکو کا کردار نبھانے کا کہا، ملزم کی بیوی کا کزن اپنے ساتھی کے ہمراہ واردات کا ڈرامہ کر کے فرار ہو گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو بغیر اسلحہ دکھائے شاپر چھین کر فرار ہونے پر شک ہوا، جیو فینسنگ سے دو ملزمان کی مدعی مقدمہ کے ہمراہ موجودگی ظاہر ہو گئی۔
پولیس کا کہنا ہے موبائل فون ریکارڈ کے مطابق واردات کے وقت تک مدعی اور ملزمان کی 38 بار گفتگو ہوئی، تفتیش کے دوران ملزمان نے تمام حقیقت کھول دی جس پر پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔