کھیل
Time 02 اپریل ، 2021

واپڈا نے نیشنل بینک کو شکست دے بلوچستان گولڈ کپ جیت لیا

واپڈا نے نیشنل بینک کو شکست دے کر آل پاکستان چیف منسٹر بلوچستان گولڈ کپ جیت لیا۔

ایوب اسپورٹس کمپلیکس کوئٹہ میں واپڈا اور نیشنل بینک کے درمیان ٹورنامنٹ کا فائنل سنسنی خیز رہا  اور پہلے دو کوارٹر میں کوشش کے باوجود کوئی ٹیم گول اسکور نہ کرسکی۔

تیسرے کوارٹر کے ابتدا میں واپڈ نے رانا وحید کے گول کے ذریعے برتری حاصل کی تاہم یہ سبقت تیسرے کوارٹر کے اختتام تک برقرار رہی۔

چوتھے کوارٹر میں نیشنل بینک کو پنالٹی کارنر ملا اور حریف کھلاڑی کے فاؤل کے باعث ریفری نے نیشنل بینک کو پنالٹی اسٹروک ایورڈ کیا جس پر نیشنل بینک نے گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔

کھیل کے آخری منٹوں میں واپڈا نے ایک موو بنائی اور دوسرا گول داغ دیا، یہ برتری کھیل کے اختتام تک برقرار رہی اور یوں واپڈا نے ایک کے مقابلے میں دو گول سے فائنل جیت لیا۔

اس سے پہلے تیسری پوزیشن کے میچ میں آرمی نے پنجاب کلرز کو ہرا دیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔

مزید خبریں :