03 اپریل ، 2021
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ایک روزہ کرکٹ میں ایک اور منفرد اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔
جنوبی افریقا کے خلاف گزشتہ روز کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں بابر اعظم نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 103 رنز اسکور کیے۔
یہ بابر اعظم کی ایک روزہ کرکٹ میں 13 ویں سنچری تھی جو انہوں نے اپنے 76 ویں انٹرنیشنل میچ میں اسکور کی۔
بابر اعظم نے سنچری اسکور کر کے ناصرف اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا بلکہ انہوں نے ایک روزہ کرکٹ میں 13 سنچریاں اسکور کر کے جنوبی افریقا کے ہاشم آملہ اور بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
سابق جنوبی افریقی بلے باز ہاشم آملہ نے 13 سنچریوں کا کارنامہ اپنے 83 ویں میچ میں سرانجام دیا تھا جبکہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے اپنی 13 ویں ایک روزہ سنچری 86 ویں میچ میں مکمل کی تھی۔