پاکستان
Time 03 اپریل ، 2021

پی پی کا سی ای سی کا اجلاس ملتوی کرنا پی ڈی ایم چھوڑنے کا اعلان ہے، احسن اقبال

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا مرکزی مجلس عاملہ (سی ای سی) کا اجلاس ملتوی کرنا پی ڈی ایم چھوڑنے کا اعلان ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھاکہ شاید پیپلزپارٹی نے پی ڈی ایم سے الگ سیاست کا فیصلہ کرلیا ہے، ہم گول کرنے ڈی کے قریب پہنچے تو پیپلزپارٹی نے گیم سے نکلنے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے جو کچھ کیا اس پر ہمیں افسوس ہوا، پیپلزپارٹی بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) اور جماعت اسلامی کے ساتھ الائنس بناکر عملاً پی ڈی ایم سے علیحدہ ہوچکی۔

ان کا کہنا تھاکہ اگر ن لیگ کے 81 ووٹ پیپلزپارٹی کونہ پڑتے تو  یوسف رضا گیلانی سینیٹر نہ بن پاتے۔

احسن اقبال کا کہنا تھاکہ پیپلز پارٹی کا سی ای سی کا اجلاس ملتوی کرنا پی ڈی ایم چھوڑنے کا اعلان ہے، اجلاس میں پیپلز پارٹی کو استعفوں سے متعلق فیصلہ کرنا تھا لیکن اجلاس ملتوی کرنا واضح پیغام ہے کہ وہ کوئی حتمی بات نہیں کرنا چاہتے۔

ن لیگ کے جنرل سیکرٹری کا کہنا تھاکہ عملاً پیپلزپارٹی نے ازخود پی ڈی ایم کو چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے اور اپنی علیحدہ سیاست کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

مزید خبریں :