دنیا
Time 04 اپریل ، 2021

چھتیس گڑھ میں ماؤ نواز باغیوں کے حملے میں 22 بھارتی فوجی ہلاک

ماؤ نواز باغی بھارتی فوجیوں کا اسلحہ، بلٹ پروف جیکٹس اور جوتے بھی اتار کر فرار ہوگئے— فوٹو: انڈیا ٹو ڈے

بھارت کی ریاست چھتیس گڑھ میں ماؤ نواز باغیوں کے حملوں میں کم از کم 22 بھارتی فوج ہلاک جبکہ متعدد اہلکار زخمی ہوگئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع بجاپور اور سکما کے جنگلات پرمشتمل ماؤ نواز باغیوں کے گڑھ سمجھے جانے والے علاقے میں 2 ہزار سے زائد بھارتی سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے آپریشن شروع کیا۔

اس دوران ماؤ نواز باغیوں کے حملوں میں متعدد اہلکار جاں بحق اور زخمی ہوگئے اور گزشتہ روز 5 اہلکاروں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی تھی تاہم آج بھارتی حکام نے جنگل سے مزید 17 بھارتی فوجیوں کی لاشیں برآمد کی ہیں۔

حکام کے مطابق ماؤ نواز باغیوں کے حملوں اور جھڑپوں میں کم از کم 22 اہلکار ہلاک جبکہ 31 زخمی ہیں۔ 

حکام کے مطابق 31 زخمیوں میں سے 7 کو چھتیس گڑھ کے دارالحکومت رائے پور منتقل کیا گیا ہے۔

حکام نے بتایا کہ ایک فوجی اہکار لاپتہ ہے جس کی تلاش جاری ہے جبکہ حملے کے بعد ماؤ نواز باغی بھارتی فوجیوں کا اسلحہ، بلٹ پروف جیکٹس اور جوتے بھی اتار کر فرار ہوگئے۔ 

دوسری جانب بھارتی سیکیورٹی فورسز کے بھاری جانی نقصان پر بھارتی صدر، وزیراعظم اور دیگر شخصیات نے دکھ کا اظہار کیا ہے جبکہ وزیر داخلہ داخلہ امیت شاہ نے آسام کی انتخابی ریلی منسوخ کردی ہے۔

مزید خبریں :