09 اپریل ، 2021
ہفتہ رواں میں وزیراعظم عمران خان نے ٹیلی فون کے ذریعے عوام کے مسائل سنے اور سوالات کے جوابات دیئے۔ ایک شہری کے سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ بچوں اور خواتین کے خلاف جنسی جرائم میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، اس حوالے سے جتنے کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں صورت حال اس سے کہیں زیادہ سنگین ہے۔
انہوں نے اس پر اپنی سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت نے اس معاملہ کی حساسیت کو سمجھتے ہوئے سخت قانون سازی کی ہے۔ لیکن اس کے لئے قانون سازی ہی کافی نہیں بلکہ قانون پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ پورے معاشرے کا ساتھ دینا بھی ضروری ہے۔
انہوں نے پوری قوم سے کہا کہ سب کو جنسی جرائم کے خلاف لڑنا ہوگا۔ مذہب کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نےکہا کہ اسلام نے اسی لئے پردے کا حکم دیا ہے۔ فحاشی بڑھنے سے خاندانی نظام متاثر ہوتا ہے۔
میں ذاتی طور پر وزیراعظم عمران خان کے اس بیان کی مکمل حمایت کرتا ہوں۔ ان کے ڈھائی سالہ دور حکومت میں یہ سب سے اہم بیان ہے۔ بعض احباب صرف بغض عمران خان میں اس بیان پر تنقید کررہے ہیں۔ یہ سوچے سمجھے بغیر کہ بحیثیت مسلمان ہمیں کیا حکم دیا گیا ہے۔ ایسے لوگ شایداﷲ پاک کے پردے کے بارے میں احکامات اور رسول کریم ﷺ کی احادیث کو یا تو سمجھتے نہیں یا سمجھنے کی کوشش نہیں کرتے۔
دائرہ اسلام میں رہتے ہوئے ہم سب پر اسلامی قوانین کا نفاذ ہوتا ہے۔ ان سے روگردانی ہی کو تو گناہ کہا گیا ہے۔ کون مسلمان ہوگا جو یہ نہیں مانتا کہ اسلام میں پردے کی اہمیت واضح کی گئی ہے۔
بحیثیت مسلمان ہم سب یہ تسلیم تو کرتے ہیں لیکن اس پر عمل کو ضروری نہیں سمجھا جاتا۔ آج سے کچھ عرصہ پہلے تو پردے کا یہ عالم تھا کہ خواتین تو کیا مرد بھی سر پر پگڑی یا ٹوپی لازمی پہنتے تھے اور ایسا نہ کرنا گناہ اور بے ادبی سمجھا جاتا تھا۔ اب کیا ہوا کہ مرد و عورت دونوں سر ڈھانپنے اور پردہ کرنے کو ضروری نہیں سمجھتے بلکہ ایسا کرنے والوں کو دقیانوسی اور غیر مہذب سمجھا جاتا ہے۔
’’سورہ النور‘‘ کی آیت نمبر31 میں اﷲ تعالیٰ نے فرمایا۔ ’’اور آپؐ مومن عورتوں کو کہہ کیجئے کہ وہ بھی اپنی نگاہیں نیچی رکھیں اور اپنی شرم گاہوں کی حفاظت کریں اور اپنی زینت کو ظاہر نہ کریں۔ سوائے اس کے جو ظاہر ہے۔ اور ا پنے گریبانوں پر اپنی اوڑھنیاں ڈالے رہیں۔ اور اپنی آرائش کو کسی کے سامنے ظاہر نہ کریں سوائے اپنے خاوند کے، یا اپنے والد کے، یا اپنے سسر کے، یا اپنے بیٹوں کے، یا اپنے میل جول کی عورتوں کے، یا اپنے غلاموں کے یا اپنے غلاموں کے یا ایسے نوکر چاکر مردوں کے جو شہوت والے نہ ہوں یا ایسے بچوں کے جو عورتوں کے پردے کی باتوں سے مطلع نہیں۔ اور اس طرح زور زور سے پاؤں مارکر نہ چلیں کہ ان کی پوشیدہ زینت معلوم ہو جائے۔
اے مسلمانو، تم سب کے سب اﷲ کی جانب توبہ کرو تاکہ تم نجات پاؤ‘‘۔ اس تفصیلی آیت کے بعد اور کیا وضاحت رہ گئی کہ ہمارے معاشرے میں عورت مارچ ہو اور اس میں میرا جسم میری مرضی جیسے غیر اسلامی اور گناہ بھرے بے ہودہ بینرز کی بھرمار ہو۔
پردے کے بارے میں یہ بھی سمجھنا ضروری ہے کہ پردہ کرنا صرف عورتوں پر لازم نہیں بلکہ مردوں کو بھی پردہ کرنے حکم دیا گیا ہے۔ ’’سورۃ النور‘‘ کی آیت نمبر 30 میں ا ﷲ تعالیٰ نے حکم دیا ہے’’ مسلمان مردوں سے کہہ دیجئے کہ اپنی نگاہیں نیچی رکھیں‘‘۔ قرآن کریم میں مختلف مواقع پر سات آیات میں پردے کا حکم دیا گیا ہے۔
اسی طرح پردے سے متعلق 70 سے زائد احادیث میں پردے کی اہمیت اور اس بارے میں احکام خداوندی پر عمل کا حکم دیا گیا ہے۔ ابو داؤد کی ایک روایت میں نبی کریم ﷺ نے عورتوں کو ایک کنارے میں چلنے کا حکم فرمایا ہے۔ اور ایک مرد کو دو عورتوں کے درمیان چلنے سے بھی منع فرمایا ہے۔ پردے کے بارے میں پہلی آیت پانچ ہجری میں نازل ہوئی جس میں غیرمحرم عورت کی طرف بری نیت سے دیکھنا تحریماً اور بغیر کسی نیت کے دیکھنا کراہتاََبیان فرمایا ہے۔
احادیث میں اس بارے میں بھی احکامات موجود ہیں کہ اگر بلاارادہ اچانک کسی غیر محرم پر نظر پڑ جائے تو اپنی نظر کو فوراً پھیر لیا جائے۔ سورہ الاحزاب کی آیت نمبر33اور آیت نمبر59میں عورت کو سر سے پاؤں تک پردہ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے بھی بدنظری کو مہلک بیماری اور فتنہ بیان فرمایا ۔ جس کا ترجمہ ہے’’یعنی اجنبی عورتوں کی تاک جھانک کرنے سے اپنے آپ کو بچاؤ، اس سے دلوں میں شہوت کا بیج پیدا ہوتا ہے اور فتنہ پیدا ہونے کے لئے یہ ہی کافی ہے۔
حضرت داؤد علیہ السلام، حضرت عیسیٰ علیہ السلام اور دیگر انبیاء کرام نے مرد و عورت دونوں کو بے پردگی، فحاشی اور بے حیائی سے سختی کے ساتھ منع فرمایا ہے۔ آج جو کچھ ہورہا ہے یہ سب بے پردگی اور فحاشی ہی کا شاخسانہ ہے۔ یہ بات یقینی ہے کہ جس بھی کام سے اﷲ تعالیٰ نے منع فرمایا ہے، اس میں ہماری ہی بھلائی ہے۔
جنسی بے راہ روی کے پھیلنے کی وجہ ہی بے پردگی و فحاشی ہے۔ وزیراعظم نے درست اور اہم اسلامی نکتے کی طرف نشاندہی کی ہے۔ کاش کہ ہم ہر طرح سے مومن بن جائیں جیسا کہ ہمیں حکم دیا گیا ہے اور اسی میں دنیا و آخرت کی بھلائی ہے۔
جیو نیوز، جنگ گروپ یا اس کی ادارتی پالیسی کا اس تحریر کے مندرجات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔