10 اپریل ، 2021
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ میری شوگر ملز کے خلاف انکوائری ضرور کریں لیکن ایسی شفاف ٹیم تشکیل دیں جو کسی کی ٹیلیفون کال پر کام نہ کرے۔
عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین کا کہنا تھا ہم عدالت سے بھاگ نہیں رہے، عدالت جب بھی بلائے گی پیش ہوں گے، ان شاء اللہ عدالت سے سرخرو ہوں گے۔
ایک سوال کے جواب میں جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ ایف آئی آر اسلام آباد میں بنی، یو ایس بی میں یہاں آئی، اور اس پر دستخط ہوئے، فون کال پر ٹیم بنائی گئی، جو ٹیم تحقیقات کر رہی ہے وہ فیئر نہیں ہے، تحقیقات کے لیے شفاف ٹیم بنائی جائے۔
جہانگیر ترین کا کہنا تھا انکوائری ضرور کریں لیکن شفاف ٹیم بنائیں جو متنازع نہ ہو، ایسی ٹیم نہ ہو جو کسی کی فون کال پر کام کرے، جائز ،شفاف تحقیقات ہونی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میری پارٹی ہے، ہم پارٹی میں ہیں اور رہیں گے، پارٹی میں نہیں رہیں گے تو کہاں جائیں گے۔