پاکستان

وزیراعظم کا سٹیزن پورٹل پر ڈیڑھ لاکھ سے زائد شکایات دوبارہ کھولنے کا حکم

وزیراعظم عمران خان نے پاکستان سٹیزن پورٹل پر ایک لاکھ 55 ہزار شکایات دوبارہ کھولنے کا حکم دے دیا۔

پاکستان سٹیزن پورٹل پرعوامی شکایات کے ازالےسے متعلق وزیراعظم عمران خان نے ایکشن لیتے ہوئے کہا کہ جولائی 2020 تا دسمبر2020 غیر مطمئن شہریوں کی شکایات دوبارہ کھولی جائیں۔

وزیراعظم آفس نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایات پر شکایات کو مرحلہ وار کھولا جائے گا۔

وزیراعظم آفس کے مطابق شکایات پر نظرثانی کیلئے دوبارہ کھولی گئی شکایات اعلیٰ افسران کو تفویض کردی گئی ہیں جبکہ نظرثانی شکایات کیلئے متعلقہ شہری سے رابطہ اور مجاز افسر کی رائے لازمی قرار دی گئی ہے۔

وزیراعظم آفس کا کہنا ہے کہ پہلے جائیداد کے تنازعات، امن وامان اور انسانی حقوق سے متعلق شکایات کو دوبارہ کھولا جائے گا جبکہ وفاقی اداروں کی 68 ہزار اور پنجاب کی 53 ہزار شکایات پر نظرثانی کی جائے گی۔

وزیراعظم آفس کے مطابق خیبرپختونخوا 15ہزار، سندھ 13 ہزار، بلوچستان 1800 اور اسلام آباد سے 1200 شکایات شامل ہیں۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عوام کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے، شکایات کے ازالے میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔

مزید خبریں :