14 اپریل ، 2021
زمبابوے کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ کے گیارہ ارکان ٹریننگ کیمپ میں شریک ہیں، ان کے ساتھ چھ اضافی کھلاڑیوں کو بھی کیمپ میں بلایا گیا ہے جو بھرپور ٹریننگ میں مصروف ہیں۔
پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ 21 اپریل کو زمبابوے کے لیے روانہ ہو گا جہاں قومی کھلاڑی ٹیسٹ اسکواڈ کے دیگر ارکان کو جوائن کریں گے۔
ٹریننگ کیمپ میں نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے کوچز کی نگرانی میں دو روز کی ٹریننگ کے بعد کھلاڑیوں نے قذافی اسٹیڈیم میں دو روز میچ سیناریو میں پریکٹس کی۔
سابق کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم اظہر علی اور مڈل آرڈر بیٹسمین فواد عالم نے ٹریننگ کیمپ میں میچ سیناریو میں پریکٹس کو مفید قرار دیا ہے۔
اظہر علی کا کہنا ہے کہ دورہ زمبابوے کی تیاری کے لیے ریڈ بال کیمپ کا انعقاد فائدہ مند ثابت ہو رہا ہے، روانگی سے قبل تربیتی کیمپ میں میچ سیناریو کے اعتبار سے پریکٹس خوش آئند ہے، کیمپ میں شامل تمام بلے باز اپنی مہارت اور بولرز ورک لوڈ پر کام کر رہے ہیں۔
فواد عالم کا کہنا تھا کہ تربیتی کیمپ کے انعقاد سے زمبابوے روانگی سے قبل سیریز کی تیاری کا اچھا موقع مل گیا ہے، نیٹ سیشنز اور پریکٹس میچز سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
مڈل آرڈر بلے باز کا کہنا تھا کہ بڑے ناموں پر مشتمل اسٹاف سے سیکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔