کھیل
Time 14 اپریل ، 2021

بابر اور رضوان کی شاندار بیٹنگ، پاکستان نےتیسرے ٹی 20 میں پروٹیزکو شکست دیدی

تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔

سنچورین میں کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں قومی ٹیم کےکپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جس پر میزبان ٹیم نے 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 203 رنز بنائے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے مرکرام 63، میلان 55 اور ڈیوسن 34 رنز  بنا کر نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے 2 جب کہ شاہین شاہ آفریدی ، حسن علی اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

204 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے رضوان کے ساتھ مل کر پہلی وکٹ کی شراکت کا ریکارڈ قائم کیا۔

دنوں بلے بازوں نے 197 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم کی جوکہ نہ صرف پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں کسی بھی وکٹ کیلئے سب سے بڑی شراکت ہے بلکہ یہ ہدف کے تعاقب میں کسی بھی جوڑی کی کسی بھی وکٹ پر سب سے بڑی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل شراکت بھی ہے۔

بابر اعظم نے 59 گیندوں پر 122 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور اٹھارہویں اوور میں ولیمز کا شکار بنے۔

اس موقع پر رضوان نے بھی بابر کا خوب ساتھ دیا، رضوان نے بھی 47 گیندوں پر 73 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

قومی ٹیم نے 204 رنز کا ہدف 18 اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔

اس فتح کے بعد 4 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان کو 1-2 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

پاکستان نے پہلے ٹی 20 میں کامیابی حاصل کی تھی جب کہ دوسرے میچ میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

 آج کے میچ میں پاکستانی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ قومی ٹیم میں شرجیل خان، عثمان قادر اور محمد حسنین کی جگہ فخر زمان، آصف علی، اور حارث رؤف کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

مزید خبریں :