دنیا
Time 15 اپریل ، 2021

بھارت: پہلی بار ایک دن میں کورونا کے 2 لاکھ سے زائد کیسز سامنے آگئے

فائل فوٹو

بھارت میں پہلی بار ایک دن میں کورونا کے 2 لاکھ سے زائد کیسز سامنے آگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 2 لاکھ 739 کیسز رپورٹ ہوئے اور ایک ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوئیں جس سے بھارت میں کورونا کے کل کیسز کی تعداد ایک کروڑ 40 لاکھ سے تجاوز کرگئی جب کہ اموات ایک لاکھ 73 ہزار سے زیادہ ہوچکی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت میں کورونا وائرس کی بدترین صورتحال کے باعث اسپتالوں میں بستروں اور آکسیجن کی شدید کمی ہے۔

بھارت میں جمعرات کے روز سامنے آنے والے کیسز مسلسل آٹھویں روز کورونا کے ریکارڈ کیسز ہیں جب کہ بھارتی ریاست مہاراشٹرا اس وقت کورونا کا مرکز ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 59 ہزار کے لگ بھگ کیسز رپورٹ ہوئے اور 278 ہلاکتیں ہوئیں جس سے مہاراشٹرا میں کیسز کی تعداد 35 لاکھ 78 ہزار سے زائد ہوگئی جب کہ ریاست میں 58 ہزار سے زائد اموات بھی ہوچکی ہیں۔

ریاست مہاراشٹرا میں کورونا کی بدترین صورتحال کی وجہ سے اس کے دارالخلافہ ممبئی میں ریسٹورینٹس بند کردیے گئے ہیں اور پانچ سے زائد افراد کے ایک جگہ جمع ہونے پر بھی پابندی عائد ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مہاراشٹرا کے مقامی اسپتال کے حکام نے بتایاکہ ریاست میں صورتحال انتہائی خطرناک ہے، ہمارے پاس 900 بستروں کا اسپتال ہے لیکن مریضوں میں اضافے سے دیگر مریضوں کے لیے جگہ کم پڑچکی ہے۔

اس کے علاوہ دارالحکومت نئی دہلی میں بھی گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 17 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے جو بھارت میں وبا کے آغاز سے ایک دن میں سامنے آنے والے سب سے زیادہ کیسز ہیں جب کہ 100 اموات بھی ہوئیں۔

نئی دہلی میں وبا کے پھیلاؤ کی وجہ سے ہفتے کے آخری روز کرفیو نافذ کردیا گیا ہے جب کہ کرفیو کے دوران لازمی سرگرمیوں کی محدود پیمانے پر اجازت ہوگی اور اس کے لیے پاسز جاری کیے جائیں گے۔

مزید خبریں :