16 اپریل ، 2021
صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کی وجہ سے عائد کی گئی پابندیوں میں تبدیلی کی گئی ہے جس کا نوٹیکفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ بھر میں کاروباری اوقات میں تبدیلی کی گئی ہے، اب کاروبار کی اجازت سحری سے شام 6 بجے تک ہوگی ۔
محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق صوبہ سندھ میں ہفتے میں دو روز (ہفتہ اور اتوار) کاروبار بند رہے گا، اس سے قبل جمعہ اور اتوار کو کاروبار بند ہورہا تھا۔
محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق سیاسی،سماجی ،ثقافتی اور کھیلوں کی سرگرمیوں پرمکمل پابندی ہوگی، ریستوران میں ان ڈور ڈائننگ کی اجازت نہیں ہوگی، آؤٹ ڈور ڈائننگ افطار سے رات 12 بجےتک ہوگی، ہوم ڈلیوری اور ٹیک اوے کی سہولت پر سحری تک چھوٹ ہوگی۔
نوٹیکفیشن کے مطابق تروایح کے اجتماعات کھلے مقامات پر کیے جائیں گے، مزارات سینیما اور پارکس بند رہیں گے، ان ڈور اور آؤٹ ڈور شادی تقریبات پر پابندی ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نئے اوقات کار 16 مئی تک نافذ رہیں گے جس کے بعد صورتحال کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔