19 اپریل ، 2021
پاکستان کرکٹ ٹیم سے نظر انداز کیے جانے والے فاسٹ بولر محمد عباس نے کاؤنٹی کرکٹ میں شاندار بولنگ کی ہے اور انہوں نے ہیمپشائر کی جانب سے مڈل سیکس کے خلاف میچ میں نو 9 وکٹیں حاصل کیں۔
انہوں نے پہلی اننگز میں ہیٹ ٹرک سمیت 6 وکٹیں لیں اور محمد عباس کی شاندار بولنگ کی بدولت ہیمپشائر نے میچ میں 249 رنز سے کامیابی حاصل کی۔
محمد عباس کا کہنا ہے کہ کاؤنٹی کرکٹ میں سیزن کا آغاز اچھا ہوا ہے، خوشی ہے کہ ہے پہلے دو میچز میں کامیابی ملی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری کوشش یہی ہے کہ کاؤنٹی کرکٹ کھیل کر ردہم حاصل کروں، لمبی بولنگ کر کے اپنا اعتماد بحال کرنا چاہتا ہوں، اعتماد اور ردہم کے ساتھ ایک بار پھر ملک کے لیے کچھ کرنا چاہتا ہوں۔
محمد عباس نے کہا کہ میں اپنے ورک لوڈ کو بھی سیٹ کر رہا ہوں، ٹارگٹ یہی ہے کہ ٹیم میں واپس آنا ہے جب بھی موقع دیا گیا تو ملک کے لیے کھیلنا چاہوں گا۔
انہوں نے بتایا کہ پہلے میچ میں لیسٹرشائر میں بہت سردی تھی، کنڈیشنر کی وجہ سے مشکل ہوئی جبکہ ساؤتھمپٹن میں کنڈیشنر اچھی تھیں جس کا بھرپور فائدہ اٹھایا، ریورس سوئنگ کے لیے زور لگانا پڑتا ہے، اس سے ردہم میں آنے کا موقع مل رہا ہے۔