دنیا
Time 19 اپریل ، 2021

ٹیسلا کی بغیر ڈرائیور کے چلنے والی کار کو حادثہ، دو افراد ہلاک

فوٹو: کے پی سی آر ٹو ہیوسٹن

جدید ترین ٹیکنالوجی سے مزین گاڑیاں بنانے والی معروف امریکی کمپنی ٹیسلا کی بغیر ڈرائیور کے خودکار طریقے سے چلنے والی کار کو حادثے کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔

امریکی میڈیا کے مطابق ہیرس کاؤنٹی پولیس کا کہنا ہے کہ شمالی ہیوسٹن میں پیش آنے والے حادثے کے وقت کار بہت زیادہ اسپیڈ میں تھی، کار ایک درخت سے ٹکرائی جس کے بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی اور گاڑی مکمل طور  پر جل گئی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہم نے ابتدائی تحقیقات مکمل کر لی ہیں اور ہمیں 99.9 فیصد یقین ہے کہ حادثے کے وقت گاڑی خودکار طریقے سے چل رہی تھی۔

پولیس کے مطابق جب جائے حادثہ پر  پہنچے تو ایک شخص ڈرائیور کے ساتھ والی سیٹ پر جبکہ دوسرا پچھلی سیٹ پر تھا۔

پولیس تاحال اس بات کا پتا نہیں لگا سکی ہے کہ آیا حادثے کے وقت فرنٹ سیٹ کا ائیر بیگ کھلا تھا یا گاڑی میں موجود ڈرائیور کو معاونت فراہم کرنے والے نظام نے کام کیا تھا۔

دوسری جانب ٹیسلا نے اپنی ویب سائٹ پر خبردار کیا ہے کہ ڈرائیور کو معاونت فراہم کرنے والا نظام مکمل طور پر خودکار نہیں ہے، اور دوران ڈرائیونگ ڈرائیور کے لیے چوکنا رہنا ضروری ہے۔

مزید خبریں :