19 اپریل ، 2021
بیٹنگ کوچ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر اور سابق کپتان محمد یوسف دورہ زمبابوے سے قبل قومی کرکٹرز کی ٹریننگ سے متاثر ہو گئے۔
قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کا ٹریننگ کیمپ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری ہے، زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ اسکواڈ کے 11 کھلاڑیوں سمیت 6 اضافی کھلاڑیوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے اور یہ کیمپ آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔
قومی اسکواڈ کے اراکین 21 اپریل کو زمبابوے کے لیے روانہ ہوں گے جہاں وہ دیگر ٹیم ممبران کو جوائن کریں گے۔
ٹریننگ کیمپ میں کھلاڑی نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے کوچز کی نگرانی میں بھرپور محنت کر رہے ہیں۔
سابق کپتان محمد یوسف جو این ایچ پی سی میں بیٹنگ کوچ ہیں وہ خاصے متحرک دکھائی دے رہے ہیں، وہ بیٹسمینوں کی پہلے بیٹنگ پریکٹس کی ویڈیوز بناتے ہیں اور پھر انہیں وہ ویڈیوز دکھا کر ٹپس دیتے ہیں۔
محمد یوسف کا کہنا ہے کہ تمام کھلاڑی کیمپ میں سخت محنت کر رہے ہیں، ہم ٹیم مینجمنٹ کے پلان کے مطابق ٹریننگ کروا رہے ہیں اور کھلاڑی اچھا رسپانس دے رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ کھلاڑی جس طرح محنت کر رہے ہیں، امید ہے کہ وہ سیریز میں اچھا پرفارم کریں گے۔
محمد یوسف نے کہا کہ کیمپ میں کھلاڑیوں کے ساتھ انفرادی اسکلز ورک بھی کیا ہے، اس کے ساتھ کیمپ میں دو فُل ڈے اور 50 اوورز کا ایک ہاف ڈے میچ بھی کھیلا گیا، کوشش کی ہے کہ کھلاڑیوں کو پہلے، دوسرے، تیسرے، چوتھے اور پانچویں روز کی پچ اور کنڈیشنز کی مناسبت سے ٹریننگ کروائیں۔
پاکستان ٹیم نے زمبابوے میں دو ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 29 اپریل سے شروع ہو گا۔