20 اپریل ، 2021
نائجیریا سے ہالینڈ پہنچنے والے ایک مسافر طیارے کے لینڈنگ گیئر سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے جو حکام کے مطابق غیرقانونی طور پر یورپ پہنچنے کی کوشش میں ہلاک ہوا۔
حکام کے مطابق نائجیریا سے ہالینڈ کے ایمسٹرڈیم شیفول ائیرپورٹ پہنچنے والے مسافر طیارے کے معائنے کے دوران لینڈنگ گیئر سے ایک نامعلوم شخص کی لاش ملی۔ جسے ابتدائی تحقیقات کے بعد اسپتال منتقل کردیا گیا۔
حکام کے مطابق مرنے والے شخص کی شناخت اور موت کی حتمی وجہ جاننے کے لیے ڈچ حکام نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
حلیے سے نائجیرین باشندہ معلوم ہونے والے شخص کے بارے میں حکام کو شبہ ہے کہ وہ طیارے کے لاگوس سے ٹیک آف سے قبل طیارے کے پہیوں کی محراب میں گھس گیا تھا۔
حکام کے مطابق طیارہ لاگوس سے ہالینڈ تک کے 6 گھنٹے 45 منٹ کے سفر کے دوران انتہائی کم درجہ حرارت میں رہا۔
حکام نے ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا کہ فضا میں انتہائی کم درجہ حرارت میں ہائپوٹرمیا کی وجہ سے اس کی موت واقع ہوئی۔
یاد رہے کہ غیرقانونی طریقوں سے طیاروں میں اور خاص طور پر پہیوں محرابوں میں چھپ کر یورپ پہنچنے کی کوشش کے کئی واقعات سامنے آچکے ہیں۔