Geo News
Geo News

Time 21 اپریل ، 2021
پاکستان

وزیراعظم نے انسٹاگرام پر امیتابھ کی فلم کا کلپ پوسٹ کرکے ڈیلیٹ کردیا

کلپ کے ساتھ لکھا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف پہلے دن سے کرپٹ مافیاز یہی سازشیں کررہے ہیں— فوٹو:فائل 

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے سیاست میں اپوزیشن کے کردار پر بالی وڈ اداکار امیتابھ بچن کی فلم ’انقلاب‘ کا ایک کلپ شیئر کیا گیا تھا جسے بعد میں ڈیلیٹ کردیا گیا۔

وزیراعظم کے اکاؤنٹ سے 1984 میں ریلیز ہونے والی امیتابھ بچن کی فلم ’انقلاب‘ کا ایک کلپ پوسٹ کیا گیا جس میں مرحوم اداکار قادر خان پارٹی اجلاس کی صدارت کررہے ہیں۔

یہ کلپ ایک منٹ 58 سیکنڈ پر مشتمل تھا اور اس کے ساتھ لکھا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف پہلے دن سے کرپٹ مافیاز یہی سازشیں کررہے ہیں۔

وزیراعظم کے اکاؤنٹ سے ڈیلیٹ کی گئی پوسٹ کا عکس — فوٹو اسکرین گریب 

کلپ میں قادر خان کہتے ہیں کہ ’ہمیں عوام کا اعتماد حاصل کرنے کیلئے حکومت سے عوام کا اعتماد ہٹانا ہوگا جس کیلئے ایسا ماحول پیدا کرنا ہوگا لوگ اس سرکار کو نکمی، ناکارہ اور بیکار سمجھ کر کسی اور پارٹی کو کرسی پر بٹھانے پر مجبور ہوجائیں‘۔

یہ پوسٹ 4 گھنٹے بعد وزیراعظم کے آفیشل اکاؤنٹ سے ڈیلیٹ کردی گئی ہے جبکہ اس کو 2 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا گیا تھا۔

فلم کا ڈیلیٹ کیا گیا کلپ