راجیش کھنہ اور جتیندر نے سری دیوی اور جیا پرادا کو کمرے میں بند کیوں کیا تھا؟

فوٹو: فائل

ماضی کی معروف بالی وڈ اداکارہ جیا پرادا نے انکشاف کیا ہےکہ ایک مرتبہ سری دیوی سے ناراضگی کے دوران راجیش کھنہ اور جتیندر نے ہم دونوں کو ایک کمرے میں بند کردیا تھا۔

جیا پرادا بھارتی موسیقی کے معروف پروگرام انڈین آئڈل کے آئندہ شو میں جلوہ گر ہوں گی ، جس میں انہوں نے اپنے ماضی کی دلچسپ یادوں سے بھی پردہ اٹھایا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شو کے دوران جیا پرادا نے آنجہانی اداکارہ سری دیوی سے اپنے تعلقات کے حوالے سے بتایا کہ میری ان سے کوئی ذاتی رنجش نہیں تھی تاہم ہم دونوں کی کیمسٹری نہیں ملتی تھی۔

جیا پرادا نے بتایا کہ ہم دونوں کبھی ایک دوسرے سے آنکھیں نہیں ملاتے تھے، ہمارا رقص اور فیشن میں بھی مقابلہ رہتا تھا اور ہم دونوں ایک دوسرے سے بچنے کی کوشش کرتے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ 1984 میں ریلیز ہونے والی فلم مقصد کی شوٹنگ کے دوران ایک مرتبہ جیتوجی(جتیندر) اور راجیش کھنہ  نے ہم دونوں کو ایک ہی میک روپ میں بند کردیا تھا اور ہم دونوں ایک گھنٹے تک  وہاں بند رہے، ان دونوں کا خیال تھا کہ ہم دونوں اس طرح ایک جگہ بند رہیں گے تو بات کرنا شروع کردیں گے لیکن ہم دونوں میں سے کسی نے بھی ایک لفظ نہیں کہا۔

جیا پرادا کا کہنا تھا کہ سری دیوی کی وفات کا سن کر انہیں بہت افسوس ہوا، وہ انہیں بہت یاد کرتی ہیں اور کہنا چاہتی ہیں کہ اگر وہ انہیں سن رہی ہیں تو میری خواہش ہے کہ کاش ہم بات کرسکتے۔

مزید خبریں :