22 اپریل ، 2021
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ ہمارا گروپ کسی کمیٹی سے نہیں صرف وزیراعظم عمران خان سے ملے گا۔
پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین نے 40 ارکان اسمبلی کی حمایت کا دعویٰ کیا اور کہا کہ سول کیس کو فوجداری کیس میں منتقل کیا، یہ تون لیگ نے بھی نہیں کیا تھا، بناوٹی ایف آئی آر ہیں،کوئی چیز ایف آئی اے کی نہیں۔
انہوں نے کسی بھی حکومتی کمیٹی سےملنے سے انکار کیا اور کہا ان کا گروپ صرف وزیراعظم سے ملے گا،کچھ دوستوں نے وزیراعظم سے ملاقات کی یقین دہانی کرائی ہے، ٹھنڈی ہوا اسلام آباد سے چلی تو مطمئن ہوئے، خان صاحب سے رشتہ کمزور نہیں۔
سیشن کورٹ لاہور کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ میرے گھر ایک افطاری تھی جس میں دوستوں نے شرکت کی، اسلام آباد سے بھی کچھ دوستوں نے رابطہ کیا۔
ان کا کہنا تھا توقع ہے کہ ہمارے گروپ کی عمران خان سے ملاقات ہو جائے گی، ہم کسی کمیٹی سے نہیں ملیں گے، ہمارا گروپ صرف عمران خان سے ملے گا۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے دور میں بھی میرے کاروبار کی چھان بین کی گئی، میرا اس معاملے میں کوئی قصور نہیں ہے، یہ کیس ایف آئی کا ہے ہی نہیں، کیس میں کوئی مدعی نہیں ہے، کسی شیئر ہولڈر نے اعتراض نہیں کیا۔