22 اپریل ، 2021
کوئٹہ: وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاءاللہ لانگو نے کہا ہے کہ یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ پارکنگ میں بم دھماکے کا ہدف چینی سفیر تھے۔
کوئٹہ دھماکے کے بعد جائے وقوعہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ بلوچستان نے کہا کہ چینی سفیر اس وقت کوئٹہ میں ہیں اور دھماکے کے وقت وہ کوئٹہ کینٹ میں تھے، ان کے حوصلے بلند ہیں اور انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ آج معمول کے مطابق اپنی مصروفیا ت جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کی مسلسل کوشش ہے کہ وہ دہشتگردی کے واقعات کرکے انتشار پھیلائے لیکن صوبے بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے، سکیورٹی فورسز نے بہت سے دہشت گرد پکڑے اور کئی مقابلوں میں ہلاک ہوئے ہیں۔
صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہمارے اپنے لوگ دشمنو ں کے ساتھ ملے ہوئے ہیں جن کی وجہ سے دہشتگرد اپنے عزائم میں کامیاب ہوئے۔