Geo News
Geo News

Time 22 اپریل ، 2021
پاکستان

عدالتی وقت ختم ہونے پر مچلکے جمع نہ ہوسکے، شہباز شریف کی رہائی کل متوقع

مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز  شریف کی رہائی کل23 اپریل بروز جمعہ کو متوقع ہے، آج عدالتی وقت ختم ہونےکی وجہ سےان کےضمانتی مچلکے جمع نہ ہوسکے۔

لاہور ہائیکورٹ کے3 رکنی بینچ نے جسٹس سرفراز ڈوگر کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کی درخواست ضمانت متفقہ طور پرمنظور کی اور انہیں 50/50 لاکھ روپے کےدو ضمانتی مچلکوں کےعوض رہا کرانے کا حکم دیا۔

عدالتی وقت ختم ہونےکےباعث آج ضمانتی مچلکے جمع نہ ہوسکےجس کی وجہ سےشہباز شریف کی رہائی اب23 اپریل کو ہونے کا امکان ہے۔

جیل ذرائع کا کہنا ہےکہ شہباز شریف کی رہائی کی روبکار ملنے پر جیل سپرنٹنڈنٹ دستخط کریں گے، شہباز شریف سے قیدیوں والے رجسٹر پر انگوٹھوں کے نشانات اور دستخط لیے جائیں گے،جس کے بعدان کی رہائی ممکن ہوسکے گی۔