دلی کے اسپتال میں آکسیجن کی کمی، سشمیتا سین مدد کو سامنے آگئیں

اداکارہ نے ممبئی میں ہوتے ہوئے دہلی کے اسپتال کیلئے آکسیجن کی فراہمی میں مدد کی— فوٹو:فائل 

بالی وڈ اداکارہ سشمیتا سین نے نئی دہلی کے اسپتالوں میں آکسیجن کی کمی پر مدد کیلئے سامنے آگئیں۔

گزشتہ دنوں بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے اسپتال میں کورونا مریضوں کیلئے آکسیجن کی کمی کی خبریں سامنے آئی تھیں جس پر پورے بھارت میں بھونچال مچ گیا تھا۔

اس نازک موقع پر اداکارہ سشمیتا سین پیچھے نہ رہیں اور ممبئی میں ہوتے ہوئے دہلی کے اسپتال کیلئے آکسیجن کی فراہمی میں مدد کی۔

اداکارہ نے دہلی کے شانتی مکنڈ اسپتال کے سی ای او سنیل ساگر کی ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ملک میں آکسیجن کا بحران آگیا ہے اور ایسے میں ممبئی میں اس اسپتال کیلئے کچھ آکسیجن سلنڈرز کا انتظام کرنے میں کامیاب ہوئی ہوں۔

انہوں نے ساتھ میں لکھا کہ سلنڈرز کو ممبئی سے دہلی پہچانے کیلئے ٹرانسپورٹ کا انتظام نہیں ہے۔

چند گھنٹوں بعد اداکارہ نے ایک اور ٹوئٹ کرکے بتایا کہ شانتی اسپتال میں آکسجین کی کمی پوری ہوگئی ہے اور یوں مجھے سلنڈرز بھیجنے کیلئے مزید وقت مل گیا ہے، اس دوران مدد کرنے پر سب کی شکر گزار ہیں۔

تاہم ایک بار پھر سشمیتا نے ٹوئٹ کرکے بتایا ہے کہ آکسیجن سلنڈر ممبئی سے دہلی کے اسپتال کیلئے روانہ کردیے گئے ہیں۔

مزید خبریں :