23 اپریل ، 2021
وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ اداروں کی رپورٹ میں جہانگیر ترین کرپشن میں ملوث پائے گئے ہیں۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں جیونیوز سے گفتگو میں وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور کا کہنا تھاکہ وزیراعظم کی جہانگیر ترین سے ملاقات سے اداروں پردباؤ بڑھےگا، ان کی ملاقات سے نرم گوشے کا تاثر جائے گا۔
ان کا کہنا تھاکہ اداروں کی رپورٹ میں جہانگیر ترین کرپشن میں ملوث پائے گئے ہیں، عمران خان اورکابینہ اس کیس میں مداخلت نہیں کریں گے۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھاکہ ثبوتوں کے باوجود شہباز شریف کو ضمانت مل گئی، پاکستان میں وائٹ کالر کرائم ثابت کرنا مشکل ہے، نیب قوانین کو سخت اور آسان بنانا ہوگا۔