Time 24 اپریل ، 2021
دنیا

سعودی عرب: لبنان سے پھلوں اور سبزیوں کی درآمد پر پابندی عائد

فوٹو: بشکریہ سعودی میڈیا

 سعودی حکومت نے لبنان سے پھلوں اور سبزیوں کی درآمد پر پابندی عائد کردی۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی حکومت نے پھلوں اور سبزیوں کے ذریعے منشیات اسمگلنگ کی کوششوں کے بعد لبنان سے آنے والے پھلوں اور سبزیوں پر پابندی عائد کی ہے۔

عرب میڈیا کا بتانا ہےکہ لبنان سے پھلوں اور سبزیوں کی درآمد پر پابندی کا اطلاق 25 اپریل سے ہوگا۔

سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ بیروت سے پھلوں اور سبزیوں کے ذریعے منشیات کی اسمگلنگ میں خاطر خواہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور سعودی کسٹم نے گزشتہ دنوں منشیات کی 5 ملین سے زائد گولیاں برآمد کی تھیں جو لبنان سے درآمد پھلوں کے اندر سے نکالی گئی تھیں۔

فوٹو: بشکریہ سعودی میڈیا

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق لبنانی پھلوں سے نکلنے والی منشیات کی یہ گولیاں زیادہ تر جنگجو استعمال کرتے ہیں کیونکہ اس منشیات کو لینے سے تھکاوٹ کا احساس نہیں ہوتا جب کہ یہ منشیات لبنان میں بنائی جاتی ہے اور اسے غیر قانونی طریقوں سے ایکسپورٹ بھی کیا جاتا ہے۔

سعودی حکام کا کہنا ہےکہ لبنان سے پھلوں اور سبزیوں کی درآمد پر اس وقت تک پابندی عائد رہے گی جب تک لبنانی حکام منشیات اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے کوئی ٹھوس اقدامات کی یقین دہانی نہیں کراتے۔

سعودی کسٹم حکام کا بتانا ہےکہ نارکوٹکس کی حالیہ کارروائی میں لبنان سے آنے والے اناروں کے اندر سے منشیات برآمد کی گئی تھی۔

مزید خبریں :