Geo News
Geo News

Time 25 اپریل ، 2021
پاکستان

سندھ یونیورسٹی اور لیاقت میڈیکل یونیورسٹی میں تعلیمی سرگرمیاں معطل

تمام شعبوں کی آن لائن کلاسیں جاری رہیں گی، دونوں جامعات نے نوٹیفکیشن جاری کردیے— فوٹو:فائل

حیدرآباد میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث جامعات میں فزیکل تعلیمی سرگرمیاں معطل کردی گئیں۔

ترجمان سندھ یونیورسٹی کے مطابق سندھ یونیورسٹی جامشورو میں فزیکل تعلیمی سرگرمیاں معطل کردی گئیں ہیں جبکہ فزیکل ایجوکیشن 26 اپریل سے 17 مئی تک معطل رہے گی۔

ترجمان کے مطابق تمام شعبوں کی آن لائن کلاسیں جاری رہیں گی جبکہ ایک ماہ بعد کورونا کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے کلاسزشروع کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

دوسری جانب لیاقت میڈیکل یونیورسٹی جامشورو میں بھی فزیکل تعلیمی سرگرمیاں  روک دی ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق 26 اپریل سے 20 مئی تک یونیورسٹی اوراس سے ملحقہ کالجز بند رہیں گے، تمام امتحانات معطل کردیے گئے ہیں۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ آن لائن امتحانات لینے کیلئے شیڈول جاری کیا جائے گا۔