بیک وقت درجنوں خواتین کو جال میں پھنساکر لاکھوں ڈالرز بٹورنے والا چینی شہری گرفتار

فوٹو: آڈیٹی سینٹرل

آپ نے محبت کے نام پر فراڈ تو بہت دیکھے اور سنے ہوں گے  لیکن ایک ساتھ درجنوں محبتیں اور اس کے ذریعے لاکھوں ڈالرز کا فراڈ یقیناً آپ کو بھی دنگ کردےگا۔

چینی میڈیا نےحال ہی میں ایک ایسے اوباش چینی شخص کی کہانی کو رپورٹ کیا ہے جس نے ایک ساتھ درجنوں خواتین کو پیار کا جھانسہ دے کر 2 سال کے مختصرعرصے میں ان کے لاکھوں ڈالرز ہڑپ لیے۔

20 مارچ کو چینی شہری زینگ کے خلاف پولیس اسٹیشن میں ایک خاتون کی جانب سے شکایت درج کروائی گئی جس میں خاتون نے بتایا کہ ان کے بوائے فرینڈ نے ان سے 9 ملین یو آن ( 1.3ملین ڈالر )کی دھوکہ دہی کی۔

خاتون کا کہنا تھا زینگ نے ان سے  مشہور شخصیت کا بیٹا اور پتا ہونے کا دعویٰ کیا تھا اور کئی بار بھاری قیمت مانگی۔

خاتون نے تفتیش کاروں کو بتایا کہ وہ زینگ سے 2019 میں ملی تھی انہیں وہ اچھا لگا اور دونوں میں رابطہ ہوا جس کے بعد وہ زینگ کی جھوٹی محبت کے جال میں پھنس گئیں۔

خاتون نے پولیس کو مزید بتایا کہ زینگ نے 2 سال کے دوران اپنی ملازمت میں ترقی اور دیگر وجوہات کی جھوٹی کہانی بناکر ان سے 30 لاکھ یوآن ہڑپ لیے۔

پولیس کو فراڈیے شخص کی شکایات موصول ہونے کے بعد دوران تفتیش پتا چلا کہ زینگ یہ سب سوچی سمجھی منصوبہ بندی کے تحت کرتا تھا۔

ایک روز زینگ کے موبائل پر ایک خاتون کی کال آئی جو اس کی گرل فرینڈ نے اٹھائی، موبائل فون پر موجود خاتون نے زینگ کی گرل فرینڈ ہونے کا دعویٰ کیا، حیران کن طور پر یہ دونوں خواتین ایک ہی عمارت میں رہائش پذیر تھیں تاہم اگلے ہی دن جب دونوں خواتین کی ملاقات ہوئی تو پتا چلا کہ زینگ اس وقت اسی عمارت کی تیسری خاتون کے ساتھ ڈیٹ پر تھا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق زینگ کی ایک محبوبہ عمارت کی دسویں، دوسری سترہویں اور تیسری محبوبہ اسی عمارت کی 18ویں منزل پر رہائش پذیر تھی۔

پولیس کی تحقیقات کے بعد زینگ کے 20 مزید ایسے  اسکینڈلز سامنے آئے جن میں وہ خواتین کو اپنی محبت کے جال میں  پھنساکر لوٹتا تھا، پولیس نے دھوکہ دہی کے کیس میں اسے گرفتار کرلیا۔